Detention Review Hearings in Urdu

Printable version (PDF, 238 KB)

امیگریشن اینڈ رفیوجی بورڈ آف کینیڈا
امیگریشنڈویژن

یہ کتابچہ کسے پڑھنا چاہیئے؟

اگر آپ کو یا کسی ایسے شخص کو جسے آپ جانتے ہیں حراست میں لیا گیا ہے اور حراست پر نظرثانی کی سماعت کے لئے امیگریشن اینڈ رفیوجی بورڈ آف کینیڈا کے امیگریشن ڈویژن (Immigration Division of the Immigration and Refugee Board of Canada (IRB)/Section de l'immigration de la Commission de l'immigration et du statut de réfugié du Canada (CISR)) کے سامنے پیش ہونے کے لئے کہا گیا ہے تو آپ کو یہ کتابچہ پڑھنا چاہیئے۔

حراست پر نظرثانی میں امیگریشن اینڈ رفیوجی بورڈ آف کینیڈا کیا کردار ادا کرتا ہے؟

امیگریشن اینڈ رفیوجی بورڈ آپ کا کیس سنتا ہے اور فیصلہ کرتا ہے کہ آیا آپ کو رھا کردینا چاہیئے یا حراست میں رکھنا چاہیئے۔ آئی آر بی ایک خود مختار انتظامی ٹریبیونل یعنی کچہری ہے جو قانونی طور پر واجب التعمیل فیصلے کرتا ہے— یہ ایک عدالت کی طرح ہے، لیکن کم رسمی۔

حراست پر نظرثانی میں کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی (CBSA/ASFC) کیا کردار ادا کرتی ہے؟

کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کا کام کینیڈا کے باڈرز یعنی سرحدوں کا انتظام کرنا، انہیں کنٹرول کرنا اور انہیں محفوظ رکھنا ہے۔ ایسے لوگوں کو حراست میں لینا جنہیں کینیڈا میں داخل ہونے اور وہاں ٹھہرنے کا حق نہیں اور ان لوگوں کو ملک سے باہر نکال دینا بھی اسکی ذمہ داری ہے۔

آپ کو کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی نے حراست میں لے لیا ہے۔ آگے کیا ہوگا؟

اگر آپ مستقل رہائشی (پرمانینٹ ریذیڈینٹ) یا غیر ملکی قومیت کے ہیں، تو آپ اپنی حراست کی وجہ پر نظرثانی کے لئے ایک آزادانہ سماعت کا حق رکھتے ہیں۔ جب کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی آپ کو حراست میں لیتی ہے، تو اس پر لازم ہے کہ وہ امیگریشن اینڈ رفیوجی بورڈ کے امیگریشن ڈویژن کو اسکی اطلاع دے۔ امیگریشن اینڈ رفیوجی بورڈ میں ایک فیصلہ کرنے والا جسے ممبر کہتے ہیں آپ کی حراست کے 48 گھنٹوں کے اندر یا اس کے بعد جتنی جلدی ممکن ہو حراست پر نظرثانی کی سماعت کرے گا۔ آپکی سماعت کے اختتام پر، ممبر فیصلہ کرے گا کہ آیا آپ رہا کردئے جائیں گے یا حراست میں رہنے دیئے جائیں گے۔

آپ ایک نوٹس وصول کریں گے جو بتائے گا کہ آپ کی حراست پر نظرثانی کی سماعت کہاں اور کب ہوگی۔

  • ایک مستقل رہائشی (پرمانینٹ ریذیڈینٹ) ایک دوسرے ملک سے ایسا شخص ہے جسے کینیڈا کی حکومت نے کینیڈا میں مستقل طور پر رہنے کی اجازت دے دی ہے۔ مستقل رہائشی بعد میں کینیڈین شہری بننے کی درخواست دے سکتے ہیں۔
  • ایک غیر ملکی قومیت والا (فارن نیشنل) ایک ایسا شخص ہے جو نہ تو کینیڈین شہری ہے اور نہ
    ہی کینیڈا میں مستقل رہائشی۔

آپ کی مدد کون کرسکتا ہے؟

حراست ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ اگرچہ سماعت میں آپ خود اپنی نمائندگی کرسکتے ہیں، آپ اپنی مدد کے لئے ایک کونسل یعنی صلاح کار کو اُجرت پر رکھ سکتے ہیں۔ صلاح کار ایک وکیل ہوسکتا ہے یا ایک رجسٹرڈ شدہ امیگریشن کنسلٹینٹ۔ اگر آپ کیوبک میں ہیں، تو صلاح کار ایک نوٹری بھی ہوسکتا ہے۔ اپنے صلاح کار کو فیس کی ادائیگی کے آپ ذمہ دار ہیں۔ اگر وکیل کو فیس دینے کے لئے آپ کے پاس کافی پیسے نہیں، اور اگر آپ اہلیت کے صوبائی معیار پر پورے اترتے ہیں، تو ہوسکتا ہے کہ آپ قانونی مدد مفت حاصل کرنے کے اہل ہوں۔ کمیونٹی کی اور مذہبی تنظیمات جو امیگرینٹس اور رفیوجیوں کی مدد کرتی ہیں وہ بھی آپ کی مدد کرنے کے قابل ہوسکتی ہیں۔ مزید معلومات حاصل کرنے میں آپ کی مدد کے لئے کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کے افسر سے پوچھیں۔ اگر آپ صلاح کار کو اُجرت پر رکھنے یا کسی اور کی مدد لینے کا فیصلہ کریں، تو آپ کو چاہیئے کہ جتنی جلدی ممکن ہو ایسا کریں۔

حراست پر نظرثانی کی سماعت پر کیا ہوتا ہے؟

امیگریشن اینڈ رفیوجی بورڈ کا ممبر سماعت کا اِنچارج ہے۔ ممبر ہر ایک کا تعارف کرانے اور ہونے والی کاروائی کی وضاحت کرنے کے ساتھ شروع کرے گا۔ اگر آپ فرانسیسی یا انگریزی نہیں سمجھتے، تو سماعت پر آپ کے لئے ترجمہ کرنے کے لئے ایک ترجمان موجود ہوگا۔

اگر آپ کی سماعت پر ایک ترجمان ہے، تو ممبر اس بات کی پڑتال کرے گا کہ آپ ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں۔

اس کے بعد:

  • کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کا نمائندہ یہ بیان کرے گا کہ آپ کو حراست میں کیوں رکھا جا رہا ہے ("حراست کی وجوہات") اور اپنے مئوقف کی تائید میں حقائق پیش کرے گا۔ آپ کی حراست کے لئے ایک سے زیادہ وجوہات دی جاسکتی ہیں۔
  • آپ کو یا آپ کے صلاح کار کو جواب دینے، آپ کی رائے کی وضاحت کرنے اور سوالات پوچھنے کا موقع دیا جائے گا۔
  • اگر معلومات فراہم کرنے کے لئے سماعت پر گواہ ہیں، کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کا نمائندہ، آپ، آپ کا صلاح کار یا ممبر ان سے سوالات پوچھ سکتا ہے۔
  • کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کے نمائندے اور آپ یا آپ کے صلاح کاردونوں کو سننے کے بعد، ممبر فیصلہ کرے گا کہ آیا آپ کو رہا کیا جائے گا یا حراست میں رکھا جائے گا۔

حراست کی وجوحات کیا ہیں؟

اگر ان کے خیال میں مندرجہ ذیل میں سے کم از کم ایک صورت آپ پر لاگُو ہوتی ہے توسی بی ایس اے (کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی) ممبر کو آپ کو حراست میں رکھنے کے لئے کہے گا۔

  1. آپ پبلک کے لئے خطرہ ہیں۔

    اس دعویٰ کی حمایت میں، کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی مندرجہ ذیل مثالیں دے سکتا ہے:

    • ماضی میں پُر تشدد رویہ یا برتاﯗ؛
    • ایسے جرائم میں مجرم قرار پانا جن میں تشدد، ہتھیار، نشہ آور اشیاﺀ یا جنسی تعلقات کا دخل ہو؛ یا
    • نشہ آور اشیاﺀ یا شراب کی لَت سے منسلک مسائل۔

    کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کوئی بھی رویہ یا برتاﯗ، سرگرمیاں اور حقائق پیش کرسکتا ہے جو اس دعویٰ کی حمایت یا تایئد کرتے ہوں کہ اپ کو خطرناک تصور کیا جانا چاہیئے۔

    اگر کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی یہ دعویٰ کرے کہ آپ پبلک کے لئے خطرہ ہیں، تو آپ ممبر کو یہ دکھانے کے لئے کہ آپ کیوں ایسا نہیں سوچتے کہ آپ ایک خطرہ ہیں آپ اپنی شہادت اور گواہی پیش کرسکتے ہیں۔

  2. امکان اس بات کا ہے کہ جب آپ کو پیش ہونے کے لئے کہا جائے گا تو آپ پیش
    نہیں ہوں گے، مثال کے طور پر ایک سماعت پر یا اپنے کینیڈا سے نکالے جانے
    کے موقع پر۔

    اس دعویٰ کی تائید کرنے کے لئے، کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی ان وقتوں کی مثالیں دے سکتا ہے جب آپ مقررہ وقت پر ایک امیگریشن اپوانٹمینٹ پر نہیں پہنچے، کینیڈا سے نکالے جانے کے لئے پیش نہیں ہوئے، قانون شکنی کی، یا معتبر یا قابلِ اعتماد نہیں تھے۔ یہ فیصلہ کرنے میں کہ آیا امکان اس بات کا ہے کہ آپ پیش نہیں ہوں گے، ممبر ان سب عناصر اور حقائق کو مدِ نظر رکھے گا۔

    اگر کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی یہ دعویٰ کرے کہ آپ پیش نہیں ہوں گے، تو ممبر کو یہ دکھانے
    کے لئے کہ جب آپ کو ایسا کرنے کے لئے کہا جائے گا تو آپ پیش ہو جائیں گے آپ اپنی شہادت
    اور گواہی پیش کرسکتے ہیں۔

  3. آپ کی شناخت کا تعین نہیں ہوا لیکن ہوسکتا ہے۔

    ہوسکتا ہے کہ آپ کینیڈا شناختی دستاویزات کے بغیر یا ایسی شناختی دستاویزات کے ساتھ آئے
    ہوں جواصلی نہ ہوں۔
    اگر صورت حال یہ ہے، تو منسٹر ایک دستاویز پر دستخط کریں گے جسے منسٹر کی رائے (Minister's opinion) کہا جاتا ہے۔ ایک دفعہ اس دستاویز پر دستخط ہوجائیں، تو کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی پر لازم ہے کہ وہ آپ کی شناخت کا تعین کرنے کے لئے مناسب اور معقول کوششیں کرے۔

    آپ پر لازم ہے کہ اپنی شناخت کرنے میں کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کی مدد کریں۔ آپ یہ کرسکتے ہیں اپنی شناختی دستاویزات حاصل کرنے کی کوشش کرکے یا ایسی معلومات دے کر جو کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کو آپ کی شناخت کا تعین کرنے میں مدد کرے گی۔

    فیصلہ کرنے سے پہلے امیگریشن اینڈ رفیوجی بورڈ کا ممبر کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کے ساتھ آپ کے تعاون کو مدِ نظر رکھے گا۔

  4. کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کا خیال ہے کہ سیکورٹی کی وجوہات یا انسانی یا
    بین الاقوامی حقوق کی پامالی اور خلاف ورزی کی وجہ سے، گھمبیر مجرمانہ
    فعل، مجرمانہ فعل یا منظم مجرمانہ تنظیم میں حصہ لینے کی وجہ سے شاید آپ
    کینیڈ میں داخل ہونے کے اہل نہ ہوں۔

    کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی وضاحت کرے گا کہ وہ یہ معلوم کرنے کے لئے کیا اقدامات کر رہے
    ہیں کہ آیا آپ اِن میں سے کسی ایک وجہ کے باعث کینیڈا میں داخل ہونے کے لئے نااہل تو نہیں۔
    اِس صورت میں، ممبر صرف اس بات کو مدِ نظر رکھے گا کہ آیا کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کو
    ایک معقول شک ہے اور وہ اس کی تفتیش کرنے کے لئے ضروری اقدامات کر رہا ہے۔

    کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کا نمائندہ جو کہ رہا ہے اسے غور سے سنیں۔ اگر آپ کو کوئی بات
    سمجھ نہیں آرہی، تو مزید معلومات کا پوچھیں۔

ممبر فیصلہ کرے گا کہ آیا آپ کو حراست میں رکھنے کے لئے وجوہات ہیں۔ اگر حراست کے لئے وجوہات ہیں بھی تو ممبر پھر بھی آپ کی رہائی کا حکم دے سکتا ہے اگر آپ کی حراست کی جگہ کوئی اور مناسب متبادل موجود ہے۔

حراست کا متبادل کیا ہے؟

حراست کا متبادل وہ شرائط ہیں جو ممبر اس خطرے کو ذائل کرنے کے لئے نافذ یا عائد کرسکتا ہے جو آپ کے ساتھ منسوب ہے۔

ان شرائط کی مثالوں میں شامل ہیں ایک کرفیو کے حکم کی اطاعت کرنا، ایک خاص شخص کے ساتھ رہنا، یا شراب پینے اور نشہ آور اشیاء کے استعمال سے گریز کرنا۔ ممبر یہ فیصلہ کرے گا کہ آپ کے مخصوص کیس میں کون سی شرائط ضروری ہیں۔

ممبر رہائی کی شرائط کے علاوہ ایک بونڈ یعنی اقرار نامے کا تقاضا کرنے کا فیصلہ بھی کرسکتا ہے۔ بونڈ دو قسم کے ہیں: کیش بونڈ اور پرفارمینس (یعنی کارکردگی کا) بونڈ۔ گارنٹی دینے والا جو بونڈ فراہم کرتا ہے مثال کے طور پر ایک دوست، فیملی کا ایک رُکن یا کمیونٹی کا کارکن ہوسکتا ہے۔ آپ کی سماعت پر،
کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کا نمائندہ اور ممبر آپ کے تجویز کردہ گارنٹی دینے والے سے ایسی معلومات مانگ سکتے ہیں جو ممبر کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد دے گی کہ آیا گارنٹی دینے والا مناسب شخص ہے۔

جب آپ اپنی سماعت کی تیاری کریں، تو آپ کو معقول متبادل راستوں کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔ مثال کے طور پر، آپ کو ممکنہ گارنٹی دینے والے مدِ نظر رکھنے چاہئیں، بونڈ کے لئے کتنی رقم دستیاب ہوسکتی ہے اور کوئی دیگر معلومات جو آپ ممبر کو فیصلہ کرنے میں مدد کے لئے فراہم کرسکتے ہیں۔ آپ کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیئے کہ گارنٹی دینے والا کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کے نمائندے اور ممبر کے سوالات دینے کے لئے دستیاب ہے۔

  • کیش بونڈ (یا ڈپوزِٹ کروائی گئی رقم)
    اگر ممبر کیش بونڈ کا حکم دیتا ہے، تو آپ یا دوسرے شخص (گارنٹی دینے والے) کے لئے ضروری ہے کہ وہ ایک ڈپوزِٹ (ایک طے شدہ رقم) حکومت کو ادا کرے۔ یہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ہے کہ آپ اپنی رہائی کی تمام شرائط کو پورا کریں۔ اگر آپ شرائط کو پورا نہیں کرتے، تو کینیڈا کی حکومت یہ رقم ضبط کر لے گی اور کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی آپ کو دوبارہ گرفتار کرکے حراست میں لے سکتا ہے۔
  • پرفارمینس بونڈ (یا گارنٹی)
    اگر ممبر پرفارمینس بونڈ کا حکم دیتا ہے، تو آپ کی گارنٹی دینے والے پر لازم ہے کہ وہ ایک دستاویز پر دستخط کرے جو ایک طے شدہ رقم ادا کرنے کا وعدہ ہے۔ یہ ایک وعدہ ہے کہ آپ اپنی رہائی کی تمام شرائط کو پورا کریں گے۔ اگر آپ شرائط کو پورا نہیں کرتے، تو کینیڈا کی حکومت گارنٹی دینے والے سے اس رقم کی وصولی کرے گی اور کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی آپ کو دوبارہ گرفتار کرکے حراست میں لے سکتا ہے۔
  • گارنٹی دینے والا
    گارنٹی دینے والا ایک قابلِ اعتماد شخص ہے جو اس بات کو یقینی بنا سکتا ہے کہ آپ اپنی رہائی کی شرائط کو پورا کریں۔ ایک پرفارمینس بونڈ فراہم کرنے کے لئے، ضروری ہے کہ آپ کی گارنٹی دینے والا ایک کینیڈین شہری یا کینیڈا میں مستقل رہائشی ہو۔ ان کے لئے یہ دکھانے کے قابل ہونا بھی ضروری ہے کہ وہ بونڈ کی ادائیگی کے قابل ہیں اور وہ یقینی بنا سکتے ہیں کہ آپ اپنی رہائی کی شرائط کو پورا کریں۔

کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کے نمائندے اور آپ یا آپ کے صلاح کار دونوں کو سننے کے بعد، ممبر فیصلہ کرے گا کہ آیا آپ کو رہا کیا جائے گا یا حراست میں رکھا جائے گا۔ عام طور پر ممبر سماعت کے اختتام پر فیصلہ اور فیصلے کی وجوہات دے گا۔ تاہم، اگر معاملات پیچیدہ ہیں اور ممبر کو فیصلہ کرنے سے پہلے تمام شہادتوں پر نظرثانی کرنے کے لئے مزید وقت درکار ہے تو وہ آپ کو فیصلہ اور فیصلے کی وجوہات دینے کے لئے سماعت کی ایک اور تاریخ مقرر کر سکتا ہے۔

اگر ممبر یہ فیصلہ کرتا ہے کہ آپ کو حراست میں رکھنا ضروری ہے تو پھر کیا ہوگا ؟

اگر آپ کو حراست میں رہنے کا حکم ہوتا ہے، تو سات دنوں کے اندر آپ کی حراست پر نظرثانی ہوگی۔ اگر دوسری نظرثانی کے بعد ممبر دوبارہ آپ کی حراست کا حکم دیتا ہے، تو آپ کی حراست کی وجوہات پر دوبارہ نظرثانی 30دنوں میں ہوگی۔ اور اس کے بعد ہر30دن بعد، جب تک کہ آپ کو رہا نہیں کردیا جاتا یا کینیڈا سے نکال نہیں دیا جاتا۔ حراست پر ہر نظرثانی پر، آپ رہائی کی درخواست کی پیروی میں نئے حقائق پیش کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، آپ ایک نیا گارنٹی دینے والا ڈھونڈ سکتے ہیں جو آپ کی مدد کرنے کے لئے رضامند ہو۔

آپ کی رہائی کے بعد کیا ہوتا ہے؟

آپ کی رہائی کے بعد، اگر آپ کینیڈا میں ٹھہرتے ہیں، تو آپ پر لازم ہے کہ آپ اپنی رہائی کی شرائط کو پورا کریں۔ یہ شرائط اس وقت تک آپ پر لاگو ہوتی ہیں جبتک کہ آپ کو کینیڈا سے نکال نہیں دیا جاتا یا جب تک کہ ان کو تبدیل یا منسوخ نہیں کردیا جاتا۔ اگر شرائط کے نافذ ہونے کے بعد ایک لمبا عرصہ گزر چکا ہے اور آپ ان کی تعمیل کرتے رہے ہیں، یا اگر ان شرائط کے آپ پر نافذ ہونے کے بعد آپ کے حالات بہت تبدیل ہوگئے ہیں، تو آپ امیگریشن ڈویژن کو ان شرائط کو تبدیل کرنے یا منسوخ کرنے کے لئے کہہ سکتے ہیں۔ آپ کے لئے ضروری ہے کہ امیگریشن ڈویژن کو ایک خط لکھیں اور وضاحت کریں کہ آپ کیوں سمجھتے ہیں کہ آپ پر نافذ شرائط کو بدلا جائے، اور اس خط کی کاپی کینیڈا باڈر سروسز ایجنسی کو بھیجیں۔

نوٹ: اگر منسٹر نے آپ کی نشاندہی بطور ایک" نامزد غیر ملکی باشندہ (designated foreign national)" کی ہے، تو اس کتابچے میں دی گئیں زیادہ تر معلومات آپ پر لاگُو نہیں ہوتیں۔ اگر آپ نامزد غیر ملکی باشندہ ہیں، تو امیگریشن اینڈ رفیوجی بورڈ کا ممبر آپ کی سماعت پر وضاحت کرے گا کہ آپ کی صورتِ حال میں لوگوں کے لئے حراست پر نظرثانی کیسے کی جاتی ہے۔